Wednesday, April 24, 2024

اسلام آباد‘ لاہور‘ پشاور سمیت ملک کے کئی شہروں میں زلزلہ

اسلام آباد‘ لاہور‘ پشاور سمیت ملک کے کئی شہروں میں زلزلہ
January 2, 2016
لاہور / اسلام آباد / پشاور (92نیوز) پشاور‘ اسلام آباد‘ لاہور سمیت خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے‘ شدت پانچ اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے کابل اور نئی دہلی میں بھی محسوس کئے گئے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل غلام رسول نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں زلزلے آنے کی شرح میں ماضی کی نسبت اضافہ ہوچکا ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں کوہ ہندوکش میں تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 175 کلو میٹر تھی۔ 92 نیوز چینل کے رابطے کرنے پر محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل غلام رسول کا کہنا تھا کہ جغرفیائی لحاظ سے پاکستان اس خطے میں موجود ہے جہاں زلزلے آتے رہتے ہیں تاہم گزشتہ کچھ عرصے میں زلزلوں کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تو لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے دفاتر اور گھروں سے باہر نکل آئے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو زلزلے کے باعث کچھ دیر کے لئے اپنی تقریر روکنا پڑی۔ چترال‘ سوات‘ شانگلہ‘ دیر اپر‘ دیر لوئر‘ صوابی‘ مردان‘ چارسدہ‘ نوشہرہ‘ ہنگو اور کوہاٹ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ پشاور میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران زلزلہ آیا جس کے باعث پرویز خٹک کو اپنی تقریر کچھ دیر کے لئے روکنی پڑی۔ زلزلے کے دوران تقریب میں موجود کچھ لوگ ہال سے باہر بھی نکل گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ زلزلہ 175 کلومیٹر زیر زمین آیا۔