Sunday, September 8, 2024

اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت کئی شہروں میں رم جھم، موسم خوشگوار، مزید بارش متوقع

اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت کئی شہروں میں رم جھم، موسم خوشگوار، مزید بارش متوقع
March 17, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت کئی شہروں میں رم جھم سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کی رت سہانی بنا دی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی نوید سنا دی ہے۔ مارچ کا مہینہ پچھلے سال تو گرم تھا لیکن اس بار تو مارچ میں ٹھنڈی ہواؤں اور بارش نے موسم کو حسین بنا رکھا ہے۔ جڑواں شہروں اور پشاور سمیت کئی علاقوں میں بوندا باندی سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں رم جھم سے ہوا میں خنکی بڑھ گئی ہے۔ ادھر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پشاور میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش نے موسم سہانا کر دیا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کاکول ایبٹ آباد میں سب سے زیادہ بیالیس میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور اور فیصل آباد میں بھی بوندا باندی سے موسم نے ایک بار پھر کروٹ بدل لی۔ ڈی آئی خان، کوہاٹ، بنوں، گوجرانوالہ، سرگودھا، کوئٹہ، ژوب ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ مکران، قلات اور ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر ابر کرم برسا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان ڈویژن، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔