Friday, May 3, 2024

اسلام آباد سے تباہی ٹل گئی‘ سکیورٹی فورسز نے 12 دہشت گرد گرفتار کر لیے

اسلام آباد سے تباہی ٹل گئی‘ سکیورٹی فورسز نے 12 دہشت گرد گرفتار کر لیے
May 17, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آبادمیں دہشت گردی کاخطرہ ٹل گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بارہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جنہیں افغانستان اور بھارت کے خفیہ اداروں کی مدد حاصل تھی۔ ادھر پشاور میں پولیس نے اسلحے سے بھرا ٹرک قبضے میں لے کر ایک ملزم کو قابو کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ پاکستان میں بھارت اور افغانستان کے خفیہ اداروں کا ایک اور نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ معلومات ملنے پر اسلام آباد میں آپریشن کیا جس دوران بارہ دہشت گرد قانون کے شکنجے میں کس لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد یونیورسٹی یاکسی بڑے ہوٹل کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ان شرپسندوں کو بھارت اور افغانستان کے خفیہ اداروں کی مدد حاصل تھی۔ ادھر پشاور میں پولیس بھی ایکشن میں آ گئی اور متنی میں کامیاب آپریشن کر کے اسلحے سے بھرا ٹرک پکڑ لیا۔ اس موقع پر ٹرک کی تلاشی لی گئی تو ایک سو پانچ کلاشنکوفیں، رائفلیں اور پینتالیس ہزار گولیاں برآمد ہوئیں۔ اسلحہ اسمگلنگ کے الزام میں ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔