Monday, September 16, 2024

اسلام آباد ، سینیٹ انتخابات کےلئے امیدواروں کی سکروٹنی شروع

اسلام آباد ، سینیٹ انتخابات کےلئے امیدواروں کی سکروٹنی  شروع
February 10, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز) سینیٹ انتخابات کےلئے امیدواروں کی سکروٹنی  شروع ہوگئی ۔  اسلام آباد کی دو نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری دن  ۔ ابھی تک مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔

سینیٹ کی 52نشستوں پر 3مارچ کو دنگل ہوگا ، الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا آغاز کردیا ۔ چاروں صوبوں میں سکروٹنی کا عمل آج سے 12فروری تک جاری رہے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوںمیں سینٹ کی 46 نشستوں پر 143 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ پنجاب کی جنرل نشستوں پر 21 ، خواتین اور ٹیکنو کریٹ پر5،5جبکہ اقلیتی نشست کےلئے 3امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

سندھ میں پیپلزپارٹی نے 20 ، ایم کیو ایم پاکستان نے17، پی ایس پی نے 3 ،تحریک انصاف ۔۔مسلم لیگ ن اور فنکشنل لیگ نے ایک ایک امیدوار کو نامزد کیا ہے۔

خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف نے 11، مسلم لیگ نے 7 ،  جمعیت علمائے اسلام نے 5 ، اے این پی نے 2 اور پیپلز پارٹی نے 3 امیدوار نامزد کئے ہیں ۔

مولانا سمیع الحق آزاد حیثیت میں خیبرپختونخوا سے2 نشستوں پر الیکشن لڑیں گے ۔ بلوچستان سے مسلم لیگ ن کے 3،  جمعیت علمائے اسلام 3 ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے 4جبکہ نیشنل پارٹی کے 3امیدواروں کے کاغذات جمع کرائے۔ بلوچستان میں 12 امیدوارآزاد حیثیت سے بھی کھڑے ہیں۔

الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ فاٹا کی 4نشستوں پر کاغذات نامزدگی 12فروری تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ اسلام آبادکی نشستوں پر کاغذات جمع کرانے کا آج آخری دن ہے اور ابھی تک مسلم لیگ ن کے امیدواروںمشاہد حسین سید اور اسد جونیجو نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔