Saturday, May 18, 2024

اسلام آباد ، سعودی ولی عہد کے دورہ کی مناسبت سے تصویری نمائش کا انعقاد

اسلام آباد ، سعودی ولی عہد کے دورہ کی مناسبت سے تصویری نمائش کا انعقاد
February 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات کی منظر کشی نمایاں ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوستانہ اور برادرانہ باہمی روابط کی تاریخ سے روشناس کرانے کیلئے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے تصویری نمائش دیکھی ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی  نے میڈیا سے گفتگو میں کہا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات میں نئی راہیں کھلیں گی۔ سعودی سفیر نے بھی اس امید کا اظہار کیا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو کئی گنا فروغ حاصل ہو گا۔ تصویری نمائش میں قیام پاکستان سے لیکر آج تک، دونوں ممالک کی اعلی قیادت کے مابین روابط، سعودی عرب کے پاکستان میں 2005ء کے زلزلے کے بعد انسانی ہمدردی کے تحت امداد اور سماجی و معاشی ترقی میں کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔ حاضرین کے مطابق تصویری نمائش 7 دہائیوں پر مشتمل پاک، سعودیہ سنہری اور مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔