Sunday, September 8, 2024

اسلام آباد: رینجرز اور خفیہ اداروں کا سرچ آپریشن، سولہ غیرملکیوں سمیت تئیس مشکوک افراد گرفتار، اسلحہ برآمد

اسلام آباد: رینجرز اور خفیہ اداروں کا سرچ آپریشن، سولہ غیرملکیوں سمیت تئیس مشکوک افراد گرفتار، اسلحہ برآمد
August 22, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) رینجرز اور خفیہ اداروں نے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران سولہ غیرملکیوں سمیت تئیس مشکوک افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ، دوربین اور گولیاں برآمد کر لیں۔ وفاقی دارلحکومت کے نواحی علاقے سہالہ، روات، انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں رینجرز کی جانب سے گرینڈ سرچ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں خفیہ اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ پولیس نے بھی حصہ لیا، اس دوران پندرہ گھروں، کباڑ خانوں، دکانوں اور ریسٹورینٹس کی تلاشی لی گئی۔ اس دوران رینجرز نے تئیس افراد کو حراست میں لیا جن میں سولہ افغان باشندے بھی شامل ہیں اور ان کے پاس کوئی شناختی ثبوت موجود نہ تھے۔ تلاشی کے دوران گھروں سے اسلحہ اور دوربین بھی برآمد کی گئی۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں کلاشنکوف کی ایک سو چالیس گولیاں، میگزین، دوربین اور بارہ بور رائفلز شامل ہیں۔ رینجرز نے ابتدائی تفتیش کے بعد گرفتار افراد کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ اٹک سانحہ کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سی ٹی ڈی نے رینجرز کے ساتھ مل کر ایک مدرسہ پر چھاپہ مارا اور تین ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے ملزمان کو سانحہ اٹک میں ملوث ہونے کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔