Friday, April 26, 2024

اسلام آباد: رمضان سے قبل سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے

اسلام آباد: رمضان سے قبل سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے
May 29, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) کبھی منڈی تیز ہو گئی تو کبھی سپلائی کم کر دی گئی۔ رمضان سے قبل سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کے لیے دکانداروں کے پاس کئی بہانے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تازہ سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے۔ رمضان کی آمد سے قبل دکانداروں نے اسلام آباد کے شہریوں سے تازہ سبزیوں اور پھلوں کے اضافی دام مانگنا شروع کر دیے ہیں۔ اتوار بازار میں آنیوالے خریداروں کا کہنا ہے کہ بجٹ اور رمضان المبارک کی آڑ میں دکانداروں نے سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔ گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں اس مرتبہ اتوار بازار میں ٹینڈے کی قیمت 40 سے بڑھا کر 50، کھیرا 30 سے 36 روپے، کدو اور توری 35 سے 40 جب کہ گاجر کی قیمت بھی 20 سے بڑھا کر 30 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔ اتوار بازار میں لہسن 152  روپے، ادرک 88 روپے اور لیموں 160 روپے فی کلو میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔ رمضان سے پہلے بعض سبزیوں کی سپلائی بھی کم کر دی گئی ہے۔