Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد دھرنا ختم، قافلہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں آج لاہور پہنچے گا

اسلام آباد دھرنا ختم، قافلہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں آج لاہور پہنچے گا
November 28, 2017

لاہور (92 نیوز) صوبائی دار الحکومت لاہور میں تحریک لبیک یا رسول اللہ کے کارکنوں کا احتجاج آج بھی جاری ہے۔ اسلام آباد سے دھرنا ختم کر کے قافلہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں آج لاہور پہنچے گا۔
سابق وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کے بعد ملک بھر میں جاری رہنے والے دھرنے ختم کر دئیے گئے لیکن پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کی قیادت میں کارکنوں کا دھرنا تا حال جاری ہے۔
لاہور کے دیگر مقامات سے دھرنا ختم کر کے مظاہرین نے ٹریفک کیلئے راستے کھول دئیے ہیں۔
گزشتہ روز شاہدرہ چوک، ٹھوکر نیاز بیگ ،بابو صابو انٹر چینج، رائیونڈ روڈ اور فیصل ٹاؤن سمیت دیگر مقامات سے دھرنا ختم کر دیا گیا تھا۔
ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے راجہ ظفر الحق کی رپورٹ کو منظر عام پر لانے سمیت دیگر مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے جن میں شہداء کے ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرنا اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے استعفے کا مطالبہ شامل ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہ کےسربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں اسلام آباد سے آنے والے کارکنوں کے قافلے کا لاہور میں پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔