Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد دھرنا اور مذاکرات دونوں جاری ،حکومت نے لچک دکھا دی

اسلام آباد دھرنا اور مذاکرات دونوں جاری ،حکومت نے لچک دکھا دی
November 18, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) تھریک لبیک پاکستان کا اسلام آباد میں دھرنا جاری ہے ۔ دوسری جانب مذاکرات کےا دوار بھی چل رہے ہیں ۔ حکومت مقدمات ختم کرنے اور کارکنوں کو رہا کرنے پر آمادہ ہو گئی ۔ استعفے کا معاملہ جوں کا توں برقرار ہے ۔
دھرنا ختم کرانے کے لئے حکومت کی کوششیں تیز ہو گئیں ۔ ساتھ ہی ڈیڈ لائن میں توسیع بھی کرنا پڑ گئی ۔۔ ذرائع کے مطابق حکومت دھرنا قائدین کے خلاف مقدمات واپس لینے پر رضا مند ہو گئی ہے ۔ رہنماؤں کے خلاف کل 16 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں ۔ اسی طرح گرفتار کارکنوں کو بھی رہا کر دیا جائے گا ۔ حکومت انکوائری کمیٹی بنانے پر بھی رضا مند ہو گئی ۔
اس سے قبل دھرنا ختم کرانے کے لئے مذاکرات کا دور چلا ۔ جس میں دونوں اطراف سے بات چیت سے مسئلہ حل کرنے پر زور دیا گیا۔ راجہ ظفر الحق کی رہائشگاہ پر مذاکرات کے دوران تحریری مطالبات بھی پیش کرنے کی بات کی گئی ۔
تحریک لبیک پاکستان کی مذاکراتی ٹیم میں شیخ اظہر حسین رضوی ، پیر اعجاز شیرانی اور ڈاکٹر شفیق امین جبکہ حکومتی وفد میں وفاقی وزراءاحسن اقبال ، طارق فضل چوہدری ۔ امین الحسنات اور بیرسٹر ظفر اللہ شامل تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف مذاکرات کے حوالے سے پل پل کی خبر حاصل کرتے رہے ۔
شاہد خاقان عباسی نے احسن اقبال سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دھرنا قائدین کے مطالبات اور سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی ۔ جبکہ نوازشریف نے راجہ ظفر الحق کو فون کیا اور مذاکرات کی تفصیلات حاصل کیں۔
ادھر سجادہ نشین گولڑہ شریف پیرسید غلام نظام الدین جامی نے مذاکرات کو کامیاب کرانے کے لئے بھرپور کوششیں کیں ۔ فریقین کو لچک دکھانے کا مشورہ دیا ۔