Friday, March 29, 2024

اسلام آباد دھرنا 21ویں روز بھی جاری ، پولیس اور رینجرز کے تازہ دم دستے آئی ایٹ پہنچ گئے

اسلام آباد دھرنا 21ویں روز بھی جاری ، پولیس اور رینجرز کے تازہ دم دستے آئی ایٹ پہنچ گئے
November 26, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسلام آباد کے فیض آباد انٹرچینج پر تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا 21 ویں روز بھی جاری ہے ۔ ماحول میں کشیدگی بدستور برقرار ہے جبکہ پولیس اور ایف سی کےبعد رینجرز کے تازہ دم دستے بھی آئی ایٹ پہنچ گئے۔ مظاہرین مطالبات پر ڈٹ ہوئے ہیں۔
رینجرز اہلکار فیض آباد پل پر تعینات ہیں ۔ سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ سیکیورٹی فورسز کے دستوں کی فیض آباد کے قریب پٹرولنگ بھی کی گئی ۔ جسے دیکھ کر مظاہرین نے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔ حکومت نے امن و امان کیلئے فوج طلب کی ہوئی ہے۔
اُدھر مظاہرین کی جانب سے صبح سویرے ایک گاڑی اور دو موٹرسائیکلوں کو جلا دیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے راستے بھی بدستور بند ہیں جبکہ مظاہرین اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اب ایک وزیرقانون نہیں بلکہ پوری کابینہ استعفے پیش کرے گی تو دھرنا ختم ہوگا ۔
تحریک کے قائدین نے پریس کانفرنس میں اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔ قائدین کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے نہیں آئے۔ ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کے ذمہ داروں کا تعین واحد مطالبہ ہے۔
ادھر سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر غلام نظام الدین جامی اور وزیر داخلہ احسن اقبال کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ۔ پیر غلام نظام الدین جامی نے کہا کہ حکومت اور دھرنا قائدین مذاکرات میں لچک دکھائیں ۔ دھرنے اور کنٹینرز کی بندش سے جڑواں شہروں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے ۔ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث شہری میلوں پیدل چلنے پر مجبور ہیں ۔