Saturday, April 27, 2024

اسلام آباد ،دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفراء کیلئے بریفنگ کا انعقاد

اسلام آباد ،دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفراء کیلئے بریفنگ کا انعقاد
January 10, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) دفتر خارجہ میں گیر ملکی سفراء کیلئے بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان نے دنیا کے سامنے بھارتی مکروہ عزائم کا پردہ چاک کر دیا ۔ بریفنگ میں پاکستان کے سول اور فوجی حکام نے شرکت کی اور بھارتی دہشتگرد نیٹ ورکس، بھارت افغان خفیہ ایجنسیوں کے گٹھ جوڑ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت اہم اُمور پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف لازوال قربانیاں ،کاوشیں اور کامیابیاں پیش کی گئیں ۔ جبکہ بھارتی ریاستی دہشتگردی ، ورکنگ باﺅنڈری اور کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزیوں ،بھارتی معاونت میں افغانستان کے منفی کردار اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو غیر ملکی سفراء کے سامنے بے نقاب کیا گیا ۔
دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفراء کیلئے اہم بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے ضرب عضب، ردالفساد سمیت 16 برس میں متعدد آپریشنزمیں اہم کامیابیاں حاصل کیں ۔ پاک سرزمین سے دہشتگردی کا صفایا کیا گیا ۔
غیر ملکی سفراء کو بتاگیا کہ افغان سرزمین پر دہشتگردوں کی پناہ گاہیں خطرہ ہیں ۔ بھارت ،پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے ۔ بھارتی ریاستی دہشتگردی سےدہشتگردی کیخلاف پاکستانی کاوشوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ پاکستان نے بیرونی دہشتگردی میں قیمتی جانیں گنوائیں، بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے داخلی عدم استحکام کا موجب بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان این ڈی ایس کا گٹھ جوڑ ہے ۔ کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزیاں واضح ہیں ۔ بھارت خطے کو عدم استحکام کا شکار کررہا ہے ۔
بریفنگ میں وزیرخارجہ، سیکرٹری خارجہ ، چیف آف جنرل سٹاف، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی ایم او نے بھی شرکت کی ۔ چیف آف جنرل سٹاف نے سفراء کو بتایا کہ گزشتہ روز کوئٹہ دہشتگردی بھی افغانستان سے ہوئی ۔ بھارتی مکروہ عزائم کے شواہد بھی دکھائے گئے۔
غیر ملکی سفراء نے کوئٹہ دہشتگردی کی مذمت ،قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار اور پاکستانی سول اور فوجی حکام کی تفصیلی بریفنگ کو سراہا۔