Tuesday, April 23, 2024

طیبہ تشدد کیس: چیف جسٹس کی سربراہی میں 2رکنی بنچ قائم

طیبہ تشدد کیس: چیف جسٹس کی سربراہی میں 2رکنی بنچ قائم
January 5, 2017

اسلام آباد (92نیوز) طیبہ تشدد کیس کی سماعت کیلئے دو رکنی بنچ قائم کر دیا گیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار بنچ کی سربراہی کریں گے۔ انصاف کی تلاش میں ننھی پری خود جانےکہاں کھو گئی۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم طیبہ کولینےفیصل آباد پہنچی تو گھر پر موجود سارے افرادلاعلم بن گئے۔ ادھر رجسٹرار اسلا م آباد ہائی کورٹ نے واقعے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مبینہ طور پر گھریلو تشدد کا شکار دس سالہ بچی طیبہ کا نیا میڈیکل بورڈ آج نہ ہوسکا۔ بچی کی شہر اقتدار میں عدم موجودگی کے باعث پولیس نے پمز انتظامیہ سے بچی کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایک روز کی مہلت مانگ لی۔

پولیس نے انتظامیہ سے رابطہ کرکے موقف اختیار کیا کہ بچی شہر میں نہیں ہے، اسے کل پیش کریں گے۔ پمز اسپتال کی انتظامیہ نے میڈیکل بورڈ کا اجلاس بھی کل دن گیارہ بجے طلب کرلیا ہے۔ اجلاس اسپتال کے میڈیکل بورڈ آفس میں ہوگا۔

بورڈ میں متعلقہ پولیس حکام کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میڈیکل بورڈ بچی کی آنکھ پر زخم اور جلے ہوئے ہاتھ کا معائنہ کرے گا۔ بورڈبچی کا نفسیاتی معائنہ بھی کرے گا۔ پمز کے ایڈمنسٹریٹر نے ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر طیبہ کے طبی معائنہ کے لیے چار رکنی نیا بورڈ تشکیل دیدیا ہے۔

بورڈ میں برن سرجن ڈاکٹر طارق اقبال، پلاسٹک سرجن ڈاکٹر حمید الدین، جنرل سرجن ڈاکٹر وقار اور سائیکالوجسٹ مسز عاصمہ خان شامل ہیں۔