Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد: بلدیاتی انتخابات کے دوران ماحول گرم، متوالے، جیالے اور جنون کے درمیان شدید تنائو، پولیس خاموش تماشائی

اسلام آباد: بلدیاتی انتخابات کے دوران ماحول گرم، متوالے، جیالے اور جنون کے درمیان شدید تنائو، پولیس خاموش تماشائی
December 1, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) اسلام آباد میں  پہلے بلدیاتی انتخابات کے دوران ماحول گرم رہا۔ کہیں پی ٹی آئی اور نون لیگ کے کارکن آمنے سامنے آئے تو کہیں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔ چار مشکوک افراد سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ اس دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بارمنعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران کئی پولنگ اسٹیشنز پر متوالے، جیالے اور جنون  کے درمیان شدید تناؤ دیکھنے کو ملا۔ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مختلف یونین کونسلوں میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کارکنوں میں ہنگامہ آرائی بھی ہوئی۔ چار مشکوک افراد سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جبکہ ڈیوٹی سے غیرحاضری پر دو اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسروں کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے۔ اسلام آباد کے جی نائن یوسی پینتیس وارڈ نمبر چار میں دو گروپوں میں تصادم ہوا جس سے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے سپورٹرز آمنے سامنے آگئے۔ پولیس میڈیا کو کوریج سے روکتی رہی لیکن اس نے لڑنے والوں کو چھڑانے میں انتہائی غفلت کا مظاہرہ کیا اور خاموش تماشائی بنی رہی۔