Friday, March 29, 2024

اسلام آباد بار کونسل نے جعلی وکلا کے خلاف کارروائی شروع کردی

اسلام آباد بار کونسل نے جعلی وکلا کے خلاف کارروائی شروع کردی
September 26, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسلام آباد بار کونسل نے جعلی وکلا کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا  ،  ایل ایل بی کی ڈگریوں کی تصدیق نہ ہونے پر دو وکلا کی رکنیت منسوخ کر دی گئی۔صدر اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ریاست علی آزاد کے مطابق سپریم کورٹ نے ہدایات دیں تو جعلی ڈگری رکھنے والے وکلا کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی  جا ئے گی۔ سپریم کورٹ کے حکم پر اسلام آباد بار کونسل نے  جعلی وکلا کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے 2وکلا کی رکنیت منسوخ کر کے نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق زریاب سلطان اور قاضی احتماد کی ایل ایل بی کی ڈگری کی تصدیق نہیں ہوئی ،دونوں افراد کو وکالت کرنے سے روک دیا گیا، بطور وکیل شناخت کرانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ۔ دونوں گزشتہ کئی سالوں سے جعلی ڈگریوں پر وکالت کر رہے تھے ۔ اسلام آباد  ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد کے مطابق وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق سے متعلق ریکارڈ موصول ہو رہا ہے ، ابھی تک تمام وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل نہیں ہوا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات طے ہے،انہیں  بھی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔