Friday, March 29, 2024

اسلام آباد: ایک ماہ کے دوران پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے پانچ مشترکہ سرچ آپریشن، ایک سو بیس افراد زیرحراست

اسلام آباد: ایک ماہ کے دوران پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے پانچ مشترکہ سرچ آپریشن، ایک سو بیس افراد زیرحراست
April 26, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وفاقی دارالحکومت میں ایک ماہ کے دوران پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کی جانب سے پانچ مشترکہ سرچ آپریشن کئے گئے۔ گھر گھر تلاشی کے دوران 15غیرملکیوں سمیت  120 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ شہر اقتدار کو سیکورٹی کے لحاظ سے 4زون اور 11سرکلز مین تقسیم کیا گیا ہے۔ سٹی، صدر اور رورل زون 6،6 جبکہ انڈسٹریل ایریا سرکل 4تھانوں پر مشتمل ہے۔ امن وامان اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں پولیس رینجرز اور حساس اداروں کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف زونز میں آپریشن کے دوران 120 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 20افغانی باشندے بھی شامل تھے جن کے پاس شناختی کارڈ یا رہائشی ثبوت موجود نہیں تھے۔ آپریشن کے دوارن سیکیورٹی اہلکاروں نےبھارہ کہو، بنی گالہ، میرا بھیگوال، اٹھال، مدینہ ٹائون، بنی گالہ، موہریاں، سرائے خربوزہ، ڈھوک عباسی، ڈھوک پراچہ اور مارگلہ کی پہاڑیوں پر موجود 800 سے زائد گھروں کی تلاشی لی۔ دوران سرچنگ بھاری تعداد میں خطرناک قسم کے ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اسلام آباد میں  خفیہ معلومات پر روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے بہت مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔