Tuesday, April 23, 2024

اسلام آباد ایئرپورٹ پر انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام

اسلام آباد ایئرپورٹ پر انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام
November 29, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ایئرپورٹ پر انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی ، ایف آئی اے نے سمگلر اور 2 مسافر گرفتار کرلیا ، جعلی ویزے پر یوکرائن جانے والا افغان باشندہ بھی پکڑا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے اسلام آباد  ایئرپورٹ پر  انسانی سمگلر اور جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے والے کو دھر لیا ۔ دبئی جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز کے 2 مسافروں کے ٹریول روٹ کو  مشکوک جان کر پوچھ گچھ کی گئی تو انہوں نے سب اگل دیا۔ مسافروں نے بتایا کہ  ٹریول ایجنٹ عبدالمجید نے انہیں دبئی سے براستہ برازیل پھر کینیڈا پہنچانے کےلیے 32 لاکھ روپے لیے، وہ خود بھی اسی فلائٹ پر سوار ہے ۔ مسافروں کے انکشاف پر ایف آئی اے نے انسانی سمگلر عبدالمجید اور دونوں مسافروں عدیل افتخار اور جاوید اقبال کو حراست میں لے کر انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کردیا۔ ترکی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پر سوار افغان باشندے مزمل ابراہیم کا ویزہ اور سفری ریکارڈ جعلی نکلا، جس کی تصدیق جدید امیگریشن سسٹم آئی بی ایم ایس نے بھی کی۔ ایف آئی اے امیگریشن سیل نے افغان باشندے کو گرفتار کرلیا۔