Monday, September 16, 2024

اسلام آباد: اہلکار نے تیمور کو’غیرارادی‘ طور پر قتل کیا: پولیس رپورٹ

اسلام آباد: اہلکار نے تیمور کو’غیرارادی‘ طور پر قتل کیا: پولیس رپورٹ
February 15, 2017

اسلام آباد (92نیوز) بندہ جان سے گیا۔ قاتل کو کلین چٹ مل گئی۔ اسلام آباد پولیس نے پیٹی بھائی کو بچانے کے لئے ٹیکنییکل طریقہ ڈھونڈ نکالا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ناکے پر گولی چلی۔ نوجوان کی جان گئی۔ قاتل اہلکار پکڑا گیا۔ تحقیقات شروع ہوئیں اور پھر وہی ہوا جو ہونا تھا۔ اسلام آباد پولیس نے اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کے لئے کمر کس لی۔ تیمور ہلاکت کیس میں پولیس کی تفتیش مکمل ہو گئی۔ رپورٹ بھی تیار ہے جس میں قصوروار مقتول تیمور ہے جبکہ قاتل اہلکار بے قصورہے۔

رپورٹ کو دیکھیں تو پولیس حکام نے محکمے کو داغدار ہونے سے بچانے کے لئے روایتی چال چلی۔ صاف صاف لکھ دیا کہ اہلکار سمیع اللہ کا فعل مکمل طور پر غیرارادی تھا۔ تیمور کو ناکے پر روکا گیا لیکن اس نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی جس پر وہ مشکوک لگا۔ ایسی صورتحال میں بے چارہ پولیس اہلکار کیا کرتا۔

سمیع اللہ نے مشکوک جان کر گولی چلا دی۔ اس کا مقصد قطعی طور پر نوجوان کو جان سے مارنا نہیں تھا۔ پھر مقتول کی ساتھی لڑکی ماہین کا بیان بھی غیرارادی قتل کی تائید کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تمام واقعاتی شہادتوں اور گواہوں کے بیانات سے فائرنگ کا واقعہ اور پھر قتل غیرارادی ثابت ہوتاہے۔

دوسری جانب جسمانی ریمانڈ پر اہلکار سمیع اللہ کو دوبارہ ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جائیگا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سمیع اللہ سے تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں۔ اس کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔