Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش ، دریائے سواں بپھر گیا

اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش ، دریائے سواں بپھر گیا
August 28, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی طوفانی بارش ہوئی جس سے دریائے سواں بپھر گیا۔ پانی آبادیوں اور دیہات میں داخل ہو گیا۔ پنجاب بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے ۔ بادل خوب برسے ، جل تھل ایک ہو گیا۔ نشیبی علاقے زیر آب گئے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں جوڑے پل، جوہر ٹاؤن ، مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، ڈیفنس ، گڑھی شاہو، مغل پورہ ، فیروز پور روڈ اور دیگرمقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی۔ قصور میں بھی کئی گھنٹوں کی  تیز بارش ہوئی۔ کئی فٹ پانی جمع ہونے سے نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش  کرنے لگے۔ برساتی پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ رینالہ خورد  اور گردونواح میں بھی رات سے بارش کاسلسلہ جاری ہے۔ پنجاب  میں  چھتیں، دیواریں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات  میں  بچوں  اور خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ کوٹ رادھا کشن کے گاؤں بھوتن پورہ میں مکان کی چھت گر گئی۔ میاں بیوی اور تین بچے جان سے گئے۔ حافظ آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد چل بسے۔ پنڈدادنخان میں دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق، 2 زخمی ہوئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی ، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، فیصل آباد ،چکوال ،گجرات ،ملتان اور ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب بھر میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔