Tuesday, April 30, 2024

اسلام آباد: امریکی سفیر رچرڈ اولسن پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی مقرر، ڈان فیلڈ مین کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے

اسلام آباد: امریکی سفیر رچرڈ اولسن پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی مقرر، ڈان فیلڈ مین کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے
October 16, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) امریکا نے پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی مقرر کیا ہے۔ وہ امریکا کے نمائندہ خصوصی ڈان فیلڈ مین کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ رچرڈ اولسن چوبیس ستمبر دو ہزار بارہ سے پاکستان میں سفیر کے عہدے پر تعینات کئے گئے تھے۔ وہ پاکستان میں اپنی ملازمت کی مدت پوری ہونے کے بعد سترہ نومبر کو بطور نمائندہ خصوصی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس سے پہلے وہ کابل کے امریکی سفارتخانے میں ترقیاتی واقتصادی امور کے کوآرڈی نیٹر ڈائرکٹر، متحدہ عرب امارات میں سفیر کے طور پر بھی خدمات بھی انجام دیتے رہے ہیں۔ وہ امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر رکن ہیں۔ انہوں نے انیس سو بیاسی میں خارجہ سروس جوائن کی تھی۔ وہ میکسیکو، سعودی عرب، یوگنڈا، ایتھوپیا، عراق اور تیونس میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں جبکہ ناٹو میں امریکا کے ڈپٹی چیف آف مشن بھی رہے۔ انہوں نے انیس سو اکاسی میں براؤن یونیورسٹی سے گریجو ایشن کی۔ وہ انتہائی غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل سفارتکار ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا محکمہ خارجہ ان کے قائدانہ کردار اور سرکاری ذمہ داریاں جاری رکھنے پر ان کا شکرگزار ہے۔