Wednesday, May 22, 2024

اسلام آباد ائیرپورٹ اے ایس ایف اہلکار کی مسافروں سے بد تمیزی

اسلام آباد ائیرپورٹ اے ایس ایف اہلکار کی مسافروں سے بد تمیزی
October 23, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے ایس ایف کے اہلکار آپے سے باہرہو گئے ، سعودی عرب سے پشاور جانیوالی پرواز کو اسلام آباد اتارنے پرمسافروں نے احتجاج کیا تو ایک اہلکار مار کٹائی پر اتر آیا۔ کرسی مار کر خاتون کو زخمی کر دیا ، اے ایس ایف اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی۔ باکمال لوگوں کی لا جواب سروس ایک بار پھر دھوکہ دے گئی ، 17 اور 18 اکتوبر کی درمیانی شب خراب موسم کے باعث جدہ سے پشاور جانے والی  پرواز پی کے 728 کو اسلام آباد اتار لیا گیا  ، ڈیڑھ گھنٹے تک مسافروں کو لاونج میں بٹھایا کھانا دیا نہ پینے کیلئے کچھ ۔ مسافروں نے احتجاج کیا تو اے ایس ایف اہلکار آپ سے باہر ہو گیا ، 92 نیوز کو موصول ہونیوالی  فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ  اے ایس اہلکار نے احتجاج کرنیوالے مسافروں سے بد تمیزی اور بعد ازاں ہاتھا پائی کی ۔ ساتھیوں کے روکنے کے باوجود اہلکار مسافروں سے گتھم  گتھا ہوتا رہا ، کرسی مار کر خاتون مسافر کو بھی زخمی کر دیا۔حکام کے مطابق اے ایس ایف اہلکار کے خلاف محکمانہ انکوائری  شروع کردی گئی۔ انکوائری سی ایس او کرنل جہانگیر کر رہے ہیں ۔