Friday, March 29, 2024

اسلام آباد، 2 پولیس افسروں کو شہید کرنیوالے 2 افغانی ملزم گرفتار

اسلام آباد، 2 پولیس افسروں کو شہید کرنیوالے 2 افغانی ملزم گرفتار
June 26, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی کے دوران 2 پولیس افسروں کو شہید کرنے والے 2 افغانی ملزم پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کرلیے گئے۔ اسلام آباد آپریشنز اورسی ٹی ڈی کا علی الصبح گولڑہ کے علاقہ میں ایک گھر پر مشترکہ چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران گھر میں موجود ملزمان نے پولیس ٹیموں پر فائرنگ کردی۔ پولیس ٹیموں نے حکمت عملی سے 2 خطرناک افغانی ملزمان گرفتار کر لئے۔ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 2 ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ملزمان ترنول ناکہ پر دوپولیس افسران محسن ظفر اور سجاد احمد کو شہید کرنے میں ملوث ہیں۔ ملزمان گزشتہ سال آئی جے پی روڈ پر دوجوانوں صغیر حیدر،خرم شہزاد کو شہید کرنے اور ایک جوان کو زخمی کرنے میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے 5 ہینڈ گرنیڈ، 2 پسٹل اور بڑی مقدار میں ایمونیشن برآمد کرلیا۔ ملزمان کے نام سجاد عرف چوچو اور نور محمد عرف نورمے ہیں۔ دونوں ملزمان افغانی ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے آئی جے پی روڈ پر پولیس کے دو جوانوں کو شہید اور ایک کو زخمی  کرنے سیمت جڑواں شہر میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ فرارا ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان سے مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقعات ہے۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے ڈی آئی جی آپریشنز اور انکی ٹیموں کو شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعامات کا اعلان کیا۔