اسلام آباد،پارک میں لڑکی سے زیادتی نے سی ڈی اے کی کارکردگی کا پول کھول دیا
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد کے سب سے بڑے پارک میں لڑکی سے مبینہ زیادتی نے سی ڈی اے کی کارکردگی کا پول کھول دیا ، پارک میں جھاڑیوں کی کانٹ چھانٹ کی جاتی ہے نہ ہی خراب لائٹس ٹھیک کرائی گئی ہیں۔
ایف نائن پارک میں روزانہ سینکڑوں شہری سیر و تفریح کیلئے آتے ہیں ، تاہم پارک انتظامیہ کی عدم توجہ اور نااہلی کے باعث پارک میں بڑھی ہوئی گھاس اور جھاڑیاں جنگل کا منظر پیش کر رہی ہیں ۔
پارک میں آئے شہری بھی سی ڈی اے کی بد انتظامی کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے پارک میں جھاڑیوں کی کانٹ چھانٹ اور سکیورٹی کے مزید اور موثر اقدامات کئے جائیں ۔
دو اگست کو زیادتی کے واقعہ کی ایف آئی آر 6 اگست کو درج ہوئی ، چاروں ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہیں جبکہ سی ڈی اے نے اپنے دو اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف بھی کر دیا ہے ۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے جھاڑیاں ختم کرنے اور لائٹس بحالی کا حکم دیا تھا ، تاہم سی ڈی اے انتظامیہ چپ سادھے کسی نئے سانحے کی منتظر ہے۔