Monday, September 16, 2024

اسفندیار ولی خان نے بلاک شناختی کارڈز کے خلاف بھوک ہڑتال کااعلان کر دیا

اسفندیار ولی خان نے بلاک شناختی کارڈز کے خلاف بھوک ہڑتال کااعلان کر دیا
April 11, 2017
پشاور(92نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے بلاک شناختی کارڈز کے خلاف بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا، کہنے لگے کہ پختونوں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کے خلاف اے این پی کے ایم این ایز اور سینیٹرز پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے بھوک ہڑتال کریں گے، ساتھ ہی انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ چار ٹانگوں والے نہیں بلکہ دو ٹانگوں والے گدھوں کو چین بھیجا جائے۔ تفصیلات کےمطابق پشاور میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے خیبرپختونخوا حکومت پر خوب تنقید کے نشتر برسائے اور مشورہ دیا کہ پرویز خٹک حکومت چار ٹانگوں والے نہیں دو ٹانگوں والے گدھوں کو چین بھیجے۔ اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ فاٹا میں مردم شماری نہیں ہوگی تو وسائل کس بنیاد پر تقسیم ہونگے، انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف نے وعدہ خلافی کی تو اس بار جدہ میں بھی پناہ نہیں ملے گی۔ اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ وفاقی حکومت کی پختونوں سے متعلق پالیسی کیا ہے، ساڑھے چار لاکھ پختونوں کے شناختی کارڈز بلاک ہیں، اس امتیازی سلوک کے خلاف اے این پی کے ایم این ایز اور سینیٹرز پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے بھوک ہڑتال کریں گے۔