Thursday, March 28, 2024

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے دو مزید فلسطینی شہید،تعداد62 ہوگئی

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے دو مزید فلسطینی شہید،تعداد62 ہوگئی
May 16, 2018
غزہ ( 92 نیوز)غزہ میں اسرائیلی  فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں مزید 1فلسطینی شہید ہوگئے  ،جس کے بعد شہدا کی تعداد 62 ہوگئی۔ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے  ،مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کیخلاف اسرائیلی سرحد پر  دوسرے روز بھی  احتجاج کیا گیا،اس پر فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 18 سالہ بلال حسین اور 51 سالہ ناصر غراب شہید ہوگئے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں  شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی  ،اس دوران امریکی مندوب نکی ہیلی  حسب روایت اسرائیلی اقدام کا دفاع کرتی نظر آئیں ۔ نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ خطے میں بد امنی کو امریکی سفارتخانے کی منتقلی سے جوڑنا درست نہیں  ،اسرائیل نے مظاہرین سے نمٹتے وقت تحمل کا مظاہرہ کیا۔ جب فلسطینی مندوب ریاض منصور  نے بات کرنا شروع کی تو نکی ہیلی اجلاس سے اٹھ کر چلی گئیں  ،اجلاس کے دوران برطانوی مندوب کیرن پئیرس نے اتنی بڑی تعداد میں شہادتوں کو ہولناک  قرار دیتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بیلجیئم نے اسرائیلی سفیر کو طلب کر کے وضا حت مانگ لی جبکہ ترکی اور اسرائیل نے ایک دوسرے کے مزید سفارت کار نکال دیے۔ مصر نے اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کا علاج کرنے کی پیشکش کردی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 18 مئی  کو پاکستان بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کر دیا ہے، اسی روز ترکی کی درخواست پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی بلایا گیا جس میں پاکستان بھی شریک ہوگا۔ ترک صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو جارحیت سےروکے، فرانس نے بھی اسرائیل اور امریکا کی مذمت کی ہے۔