Saturday, May 11, 2024

اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 62 ہوگئی، درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر

اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 62 ہوگئی، درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر
May 13, 2021

غزہ (92 نیوز) بارود، آگ اور دھوئیں میں چھپ گیا ہلال عید، اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 62 ہوگئی، غزہ پر صہیونی ریاست کی طیاروں سے بمباری کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، زخمیوں کی تعداد سات سو تک جا پہنچی۔

غزہ پرصہیونی ریاست کی بمباری سے شہید ہونےوالوں میں 14 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔ مختلف ممالک میں عوام اسرائیلی جارحیت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔ فلسطینیوں سے اظہارِیکجہتی کیا اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے گئے۔

عید سے قبل فلسطین لہولہو، غزہ کے بیٹے قبلہ اول کے تقدس پر قربان ہورہے ہیں۔ غزہ کے باسیوں پر بموں کی برسات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نےغزہ پر درجنوں فضائی حملے کیے اور متعدد مکانات کو ملبے کے ڈھیر میں بدل دیا۔

اسرائیلی بموں کے جواب میں فلسطینیوں نے پتھر تو حماس نے راکٹ اٹھالئے۔ اسرائیل پر داغے گئے سو سے زائد راکٹ حملوں میں 6 اسرائیلی مارے گئے۔

اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر ڈھائے جانےوالے یہ مظالم 2014 کے بعد ہونے والے شدید ترین حملے ہیں، جن کی وجہ سے خطے میں حالات تیزی سے بےقابو ہو سکتے ہیں۔

فوجی سربراہان سے ملاقات کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حملوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے جبکہ اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز کا کہنا ہے کہ غزہ پر بمباری کے خاتمے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں ہے۔

حماس کے رہنماء اسماعیل ہانیہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیل نے بیت المقدس اور الاقصیٰ میں آگ لگائی، جس کے شعلے غزہ تک پہنچ گئے، نتائج کا ذمہ دار وہ خود ہے۔