Saturday, April 20, 2024

اسرائیلی بحریہ نے غزہ جانے والے سویڈش جہاز کا راستہ روک لیا، جہاز میں سترہ ممالک کے صحافی اور سیاستدان سوار

اسرائیلی بحریہ نے غزہ جانے والے سویڈش جہاز کا راستہ روک لیا، جہاز میں سترہ ممالک کے صحافی اور سیاستدان سوار
June 30, 2015
غزہ (ویب ڈیسک) اسرائیل کی بحریہ نے غزہ کے بحری محاصرے کو توڑنے کی کوشش کرنے والے ایک سویڈش جہاز کو روک لیا جسے اسرائیل کی بندرگاہ پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ فریڈم فلوٹیلا نامی تنظیم نے ٹویٹ کیا ہے کہ اس جہاز میں بیس کے قریب سرگرم کارکن سوار ہیں جن میں عرب اسرائیلی قانون ساز باسل غطاس اور تیونس کے سابق صدر منصف المرزوقی سمیت سترہ ممالک کے صحافی اور سترہ ممالک کے سیاستدان شامل ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جہاز کا راستہ روک لیا اور اب اسے اشدود بندرگاہ لے جایا جا رہا ہے۔ غطاس اور ان کے معاون کو کی جانے والی ٹیلی فون کالز کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ غیرملکی سرگرم کارکنوں نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ دنیا کی توجہ اسرائیلی محاصرے کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر انہیں روکا گیا تو وہ مزاحمت نہیں کریں گے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس جہاز کو روکنے کی تمام سفارتی کوششیں ناکام ہونے کے بعد حکومت نے فوج کو سویڈش جہاز کا راستہ روکنے کا حکم دیا۔ اسرائیل کی بحری فورسز نے ‘‘میریان’’ نامی اس جہاز کی بین الاقوامی پانیوں میں تلاشی لی اور اسے کسی قسم کی طاقت استعمال کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔