Thursday, May 9, 2024

اسرائیل نے فلسطین پر آگ برسا دی، 35 بچوں سمیت 119 فلسطینی شہید ہوچکے

اسرائیل نے فلسطین پر آگ برسا دی، 35 بچوں سمیت 119 فلسطینی شہید ہوچکے
May 14, 2021

غزہ (92 نیوز) اسرائیل نے غزہ میں نہتے معصوموں پر آگ برسا دی، درندہ صفت صیہونی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد ایک 119 تک جا پہنچی ہے، شہید ہونے والوں میں 35 بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف بدترین ریاستی دہشتگردی جاری ہے۔ صیہونی فوج نے غزہ پر قیامت ڈھا دی، فضائی حملوں میں شہداء کی تعداد 119  ہو گئی، بمباری سے ایک ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں، تباہ کن بمباری سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

اسرائیل نے زمینی حملے کیلئے غزہ کی سرحد پر فوج اور ٹینک بھی تعینات کر دئیے، صہیونی فوج نے بھاری ہتھیاروں سے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ بلڈنگز ملبے کا ڈھیر بن گئیں، ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے۔

غزہ کے شمال مشرقی علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے پیش نظر شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی۔امریکا نے اسرائیلی حملوں کیخلاف آج ہونیوالا سلامتی کونسل کااجلاس رکوا دیا۔فلسطین اسرائیل تنازع پر سلامتی کونسل کااجلاس اگلے ہفتے ہوگا۔

دوسری جانب حماس نے عیاش نامی لانگ رینج میزائل کا استعمال بھی شروع کردیا، پہلی بار حماس نے رامون انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میزائل داغے، مزاحمتی تنظیموں کا مسلح ڈرون بھی ایکشن میں آگیا، متعدد صہیونی مقامات پر بمباری، شہاب ڈرون کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی۔