Thursday, March 28, 2024

اسرائیل نے دوبارہ حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا، حزب اللہ

اسرائیل نے دوبارہ حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا، حزب اللہ
September 3, 2019
لیبیا( 92 نیوز) لبنان اور اسرائیل میں جنگ ہوتے ہوتے رہ گئی، حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل نے دوبارہ حملہ کیا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ مشرق وسطیٰ میں بد امنی کے شعلوں کی حدت بڑھنے لگی، لبنان اور اسرائیل ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آگئے اور دونوں میں جنگ ہوتے ہوتے رہ گئی ، لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ فی الحال تو اسرائیل کے ساتھ سرحدوں پر کشیدگی ختم ہو گئی ہے، لیکن حالات یکسر تبدیل ہوچکے ہیں۔ سید حسن نصراللہ نے کہا، حزب اللہ کیلئے اب کوئی ریڈ لائن نہیں، لبنانی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ہر اسرائیلی ڈرون کو تباہ کر دیا جائے گا اوراگراسرائیل نے فوجی حملہ کیا تو اس کی سرحدیں، فورسز اورآبادیاں بھی محفوظ نہیں رہیں گی ۔ گزشتہ ہفتے اسرائیل نے جنوبی لبنان میں، ڈرون حملہ کیا تھا جس کے جواب میں حزب اللہ نے اسرائیلی سرحد پر فوجی بیس اور گاڑیوں پر کئی ٹینک شکن میزائل فائر کئے ، جواب میں اسرائیل نے بھی لبنان کے اندر سو ٹارگٹس پر درجنوں میزائل داغ دیئے تھے۔۔ دوسری جانب امریکی صدر کے معاون خصوصی برائے بین الاقوامی امور جیسن گرین بلاٹ کا کہنا ہےکہ امریکا اسرائیل کے ساتھ ہے اور اس کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔