Friday, May 17, 2024

اسرائیل سے متعلق قائداعظم کے موقف پر قائم ہیں، وزیراعظم عمران خان

اسرائیل سے متعلق قائداعظم کے موقف پر قائم ہیں، وزیراعظم عمران خان
May 21, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی فلسطین پر اپنے پیغام میں کہا، پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انشااللہ فلسطینی جلد ایک معزز اور آزاد شہری بن کر زندگی گزاریں گے۔ اسرائیل سے متعلق قائداعظم کے موقف پر قائم ہیں۔

اُنہوں نے کہا، پاکستانیوں کی فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر مسرت ہوئی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے میں سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ مزید کہا کہ جب سے اسرائیل بنا تو پاکستان کا ایک مؤقف رہا، پاکستان کا وہی مؤقف ہے جو قائد اعظم کا مؤقف ہے۔ قائد اعظم نے کہا تھا کہ اسرائیل بنا کر فلسطینیوں سے زیادتی کی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے سربراہان سے فلسطینیوں کی مدد کیلئے بات کی۔ میں ترک صدر، سعودی فرمانروا اور مہاتیر محمد سے بات کی۔ وزیر خارجہ کو میں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کی آواز اٹھانے کی بات کی، تمام مسلم ممالک کے سربراہان نے ہمارے مؤقف کی حمایت کی۔

وزیراعظم بولے کہ ماضی میں مغرب میں اسرائیل کو مظلوم تسلیم کیاجاتا تھا، مجھے خوشی ہے کہ ان ممالک میں اسرائیل سے متعلق مؤقف تبدیل ہوا ہے۔ دنیا کی عوامی رائے سوشل میڈیا کی وجہ سے تبدیل ہوئی۔