Tuesday, April 23, 2024

اسرائیل اور حماس کے درمیان غیرمشروط جنگ بندی پر عملدرآمد کا آغاز

اسرائیل اور حماس کے درمیان غیرمشروط جنگ بندی پر عملدرآمد کا آغاز
May 21, 2021

غزہ (92 نیوز) عالمی کوششیں رنگ لے آئیں۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان غیرمشروط جنگ بندی پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان علی الصبح جنگ  بندی کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔ گیارہ روزہ لڑائی میں 232 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ حماس کے حملوں میں 12 اسرائیلی مارے گئے تھے۔ اسرائیل کو شدید نقصان بھی اٹھانا پڑا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنگ بندی کا فیصلہ اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ کے اجلاس کے بعد کیا گیا ۔ اجلاس میں مصر کی جانب سے جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دوسری جانب حماس اور اسلامی جہاد نے بھی اپنے بیانات میں جنگ بندی کی تصدیق کر دی۔ حماس نے اپنے فوری ردعمل میں کہا ہے کہ وہ بھی اس معاہدے کا احترام کریں گے۔

جنگ بندی شروع ہونے کے بعد غزہ کی سڑکوں پر جشن منایا گیا۔ شہریوں نے کاروں کے ہارن بجا کر اور ہوائی فائرنگ کر کے خوشی کا اظہار کیا۔ مقبوضہ مغربی کنارے پر بھی پرجوش ہجوم سڑکوں پر نکل آیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، یہ جنگ بندی فلسطین میں مستقل امن کی جانب پہلا قدم ہو سکتی ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی حماس، اسرائیل جنگ بندی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اسرائیلی اور فلسطینی شہریوں کو امن سے رہنے کا حق ہے۔ یہ پیشرفت کرنے کا حقیقی موقع ہے۔ غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ، اسرائیل جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس میں  مصر اور قطر کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اقوام متحدہ سے ملکر فلسطین کی تعمیرنو، بحالی اور ترقی کے لیے آگے آئے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے بھی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کو اسے پائیدار بنانا چاہئے۔