Thursday, April 18, 2024

اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں اجلاس،صوبوں کے چیف سیکرٹریز کی شرکت

اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں اجلاس،صوبوں کے چیف سیکرٹریز کی شرکت
October 13, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر  کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں اجلاس  ہوا جس میں  صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی  ۔

اجلاس میں  بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر کے 103 اضلاع میں 3 ہزار 497 مقامات پراسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا۔ اسد عمر نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں وباء کی روک تھام اورقیمتی جانوں کو بچانے میں مدد ملی،عوام کے بھرپورتعاون سے کورونا کو روکنے میں کامیابی ملی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے،عوام نے کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پرعمل کیا ہے، میڈیا اور عوام کے تعاون سے حکومتی کوششوں کو کامیابی ملی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کی ممکنہ دوسری لہر سے نمٹنے کےلیے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں،کورونا سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ نے بتایا کہ تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کی سخت مانیٹرنگ کررہے ہیں ۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا  نے بتایا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پرشادی ہالز اور ریسٹورنٹس کےخلاف کارروائی کی گئی ۔

چیف سیکرٹری بلوچستان  نے اجلاس میں بتایا کہ ٹریس،ٹیسٹ اینڈ کورنٹائن پالیسی سے بلوچستان میں کورونا کیسز میں کمی آئی۔