Thursday, April 25, 2024

اسد عمر نے چینی اور گھی پر عائد کردہ ٹیکس نامناسب قرار دیدیا

اسد عمر نے چینی اور گھی پر عائد کردہ ٹیکس نامناسب قرار دیدیا
June 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر  اپنی ہی حکومت سے نالاں دکھائی دیے ، قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  چینی اور گھی پر لگایا گیا ٹیکس مناسب نہیں، کھاد اور چھوٹی گاڑیوں کی قیمتوں پر بھی نظر ثانی کا مشورہ دیدیا، سابق وزیر خزانہ نے اپوزیشن کی بھی خوب کلاس لی۔ سابق وزیرخزانہ نے کہاکہ کھاد کی 400 روپے فی بوری قیمت کم کی جائے، چھوٹی گاڑیوں پر بھی ہم نے ایف ای ڈی بڑھا دی ہے جس پر نظر ثانی  کی ضرورت ہے، اسد عمرنے اشیائے خورونوش پر عائد ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ڈیل سے متعلق پوچھا جاتا ہے، عالمی ادارے سے پانچ چیزوں پر بات چیت چل رہی تھی، آئی ایم ایف گیس کی قیمت میں 94فیصد جبکہ بجلی کی قیمتوں میں 50فیصد اضافہ چاہتا تھا، ہم یہ اضافہ 13 سے 15 فیصد پر لائے۔ اسد عمر نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لمبی لمبی تقریریں کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے ، ن لیگ کی غلط پالیسیوں سے عوام کا اعتماد ٹوٹا، ملکی معیشت کو بیرونی خسارے جیسی مہلک بیماری لاحق ہے، سسٹم ایسا نہیں کہ بٹن دبائیں اور رزلٹ نکل آئے۔