Wednesday, April 24, 2024

اسحاق ڈار کیخلاف گھیرا تنگ، اشتہاری قرار دینے کیخلاف درخواست مسترد

اسحاق ڈار کیخلاف گھیرا تنگ، اشتہاری قرار دینے کیخلاف درخواست مسترد
January 17, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کے خلاف ٹرائل روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کارروائی کے خلاف حکم امتناع ختم کر دیا ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی ڈویژن بنچ نے اسحاق ڈار کی احتساب عدالت میں ٹرائل روکنے کے لئے درخواست کی سماعت کی۔
سماعت میں اسحاق ڈار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل چل پھر نہیں سکتے۔ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کے لئے 10 دن کا وقت دیا گیا حالانکہ قانون کے مطابق ملزم کو اشتہاری قرار دینے کے لئے 30 دن کا وقت ہوتا ہے۔
اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس ملک میں بھی ڈاکٹر موجود ہیں۔ اسحاق ڈار یہاں علاج کرا سکتے ہیں۔
اس کے بعد عدالت نے احتساب عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ٹرائل روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔
احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہار قرار دے رکھا ہے جس پر اسحاق ڈار نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اس سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کیا تھا جو کہ اب ختم کر دیا گیا ہے۔ اب اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان واپس لایا جائیگا۔