Tuesday, April 23, 2024

اسحاق ڈار کیخلاف نیب ضمنی ریفرنس،گواہ عبدالرحمن گوندل کا بیان قلمبند،جرح بھی مکمل

اسحاق ڈار کیخلاف نیب ضمنی ریفرنس،گواہ عبدالرحمن گوندل کا بیان قلمبند،جرح بھی مکمل
April 25, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد میں اسحاق ڈار کے خلاف نیب ضمنی ریفرنس میں  استغاثہ کے گواہ عبدالرحمن گوندل کا بیان  قلمبند کر لیا گیا جب کہ  جرح بھی مکمل ہو گئی ۔ گواہ عبدالرحمان کا کہنا ہےکہ جوچیک انہوں نے پیش کیا وہ اسحاق ڈارکے ذاتی اکاؤنٹ کا ہے ،ساڑھے17 لاکھ کی پہلی رقم چودھری نثارکےچیک کے ذریعےاکاؤنٹ میں منتقل کی گئی ۔ صدرنیشنل بینک سعید احمد عدالت نہ آئے ، عدالت نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ استغاثہ کے گواہ عبدالرحمن گوندل نے اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹ کا کورننگ لیٹر اوراکاؤنٹ اوپنگ فارم عدالت میں پیش کئے۔انہوں نے بیان ریکارڈ کرایا 25 مارچ 2005 کو اسحاق ڈار کے اکاؤنٹ میں 17 لاکھ 57 ہزار 846 روپے،27 دسمبر2005 کو ساڑھے 5 لاکھ،21 جنوری 2014 کو 9 لاکھ،20 ستمبر2005 کو 42 لاکھ،25 مارچ 2011 کو ساڑھے 5 لاکھ،20 جون 2011 کو ساڑھے 8 لاکھ روپے جمع ہوئے۔ ساڑھے 17 لاکھ روپے چوہدری نثار کے اکاؤنٹس سے منتقل کئے گئے،12 لاکھ کی رقم الائیڈ بنک راولپنڈی سے منتقل کی گئی، یہ آن لائن رقم  منتقلی تھی  اس لئے معلوم نہیں کہ کس کے اکاؤنٹ سے منتقل ہوئی۔ جبکہ 23 لاکھ کی رقم کے اکاؤنٹ کا بھی علم نہیں،وکیل صفائی نے پوچھا کہ کیسے پتہ چل سکتا ہے؟ ،گواہ بولے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فنانشل ٹرانزیکشن سے پتہ کیا جاسکتا ہے۔ استغاثہ کے دوسرے گواہ بینک الفلاح کے ملازم محمد عظیم نے بھی اپنا بیان قلمبند کرایا ، کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی گئی۔