Monday, May 20, 2024

اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز کی سماعت ، دو گواہوں نے ریکارڈ جمع کرادیا

اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز کی سماعت ، دو گواہوں نے ریکارڈ جمع کرادیا
October 4, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) احتساب عدالت میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ عدالت میں دو گواہ اشتیاق علی اور طارق جاوید بھی پیش ہوئے۔لاہور کے نجی بینک کے منیجر اشتیاق علی نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ نیب کو اسحاق ڈار اور ان کے خاندان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات دیدیں۔
ایچ ڈی سکیورٹی کمپنی کا بنک اکاؤنٹ تبسم اسحاق ڈار کے نام کھلوایا گیا۔16 اپریل 2003ءکو کمپنی ڈائریکٹر نعیم محبوب نے کمپنی کا ایڈریس تبدیل کرنے کا کہا۔نجی بینک میں اسحاق ڈار کا ذاتی اکاونٹ بھی تھا۔
گواہ اشتیاق علی کی جانب سے نیب میں جمع کرائی گئی دستاویزات کی کاپی عدالت میں بھی دی گئی۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ یہ تمام دستاویزات کس نے تیار کیں ۔اشتیاق علی نے بتایا کہ کمپیوٹر کے ذریعے تیار کی گئیں۔ اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث نے گواہ اشتیاق علی سے پوچھا کہ نیب نے اکاوؤنٹس کی تفصیلات سے متعلق 17اگست 2017کوجو خط لکھا وہ موجود ہے۔گواہ نے ہاں میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ خط کی کاپی موجود ہے۔خواجہ حارث نے کہا کہ خط میں ایچ ڈی سکیورٹی کمپنی کی تفصیلات نہیں مانگی گئی تھیں پھر بھی آپ نے تفصیلات فراہم کردیں۔نیب پراسکیوٹر کاکہنا تھا کہ یہ خط ان کے کہنے پر آئے۔خواجہ حارث نے کہاکہ ایسے سوالوں سے نقصان ہوگا۔
خواجہ حارث نے جرح مکمل کی توعدالت نے دو مزیدگواہان طارق جاوید اور شاہد عزیز کو 12 اکتوبر کو طلب کرنے کے سمن جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔