Sunday, May 19, 2024

اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت ، گواہ طارق پر جرح مکمل

اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت ، گواہ طارق پر جرح مکمل
October 16, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیرخزانہ اسحاق ڈار کےخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت میں گواہ طارق جاوید کے بیان پر جرح مکمل کر لی گئی ۔آئندہ سماعت پر عدالت نے اگلے گواہ کو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے طلب کر لیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ان کے وکیل خواجہ حارث نے اسحاق ڈار کے استثنیٰ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کابینہ ڈویژن کے اجلاس میں جانا ہے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق بولے استثنیٰ کےلئے مصروفیت کوئی جواز نہیں ۔ بیماری ہو تو استثنیٰ دیا جاسکتاہے ۔ ملزم کے لیے عدالت حاضری سے زیادہ کوئی ڈیوٹی اہم نہیں۔
دوران سماعت گواہ طارق جاوید نے ای میل کی کاپی وکیل صفائی اور عدالت کو فراہم کی ۔ نیب کے 16 اگست کے خط کی کاپی بھی پیش کی گئی ۔ گواہ پر جرح کے دوران اسحاق ڈار کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹر میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ گواہ نے تمام تفصیلات پیش کردیں اب وہ عدالت کا وقت ضائع نہ کریں ۔ خواجہ حارث نے کہا کہ گواہ جھوٹ بول رہا ہے ایک جھوٹ کو چھپانے کےلئے دوسرا جھوٹ بولنا پڑتا ہے ۔ آپ بیٹھ جائیں اور جرح کرنے دیں ۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر بولے آپ کی تو خواہش ہے کہ نیب ٹیم چلی جائے ۔ گزشتہ سماعت پر بھی نیب ٹیم کو عدالت سے نکالنے کی کوشش کی گئی۔