Thursday, April 25, 2024

اسحاق ڈار کی وطن واپسی کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں، سپریم کورٹ کی ہدایت

اسحاق ڈار کی وطن واپسی کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں، سپریم کورٹ کی ہدایت
September 6, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس ثاقب نثار نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کیلئے حکومت کو تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ اسحاق ڈار کو دس دن میں وطن واپس لائیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کدھر ہیں، موجودہ حکومت کب تک انہیں طن واپس لائے گی، متعلقہ اداروں نے انکی واپسی کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ اسحاق ڈار کو ایسی چک پڑی کہ سارا معاملہ ہی چکا گیا ، اسحاق ڈار کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں، کیا عدالت اور ریاست اتنی بے بس ہے کہ مفرور کو واپس نہ لا سکے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اسحاق ڈار لندن میں گھوم پھر رہے ہیں، انہیں ہر صورت واپس لانا ہو گا، پیش نہ ہونے کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے، عدالت یکطرفہ کاروائی کرے گی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ اسحاق ڈار لندن میں گھوم پھر رہے ہیں ، عدالت بلائے تو کہتے ہیں مسل پل ہو گیا ، پاسپورٹ منسوخ کیا تو ممکن ہے اسحاق ڈار برطانیہ میں سیاسی پناہ لے لیں۔ عدالتی استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے آگاہ کیا اسحاق ڈار کا معاملہ انٹر پول کے پاس زیر التواء ہے، انٹرپول عام طور پر دو سے تین ماہ میں فیصلہ کرتا ہے، حکومت برطانیہ سے بھی مفرور افراد کی واپسی کے اقدامات کر رہی ہیں۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے یقین دہانی کرائی وزارت داخلہ سے ملکر دو دن میں حل نکال لیں گے۔ عدالت نے اسحاق ڈار کی واپسی کیلئے تمام اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔