سپریم کورٹ کا اسحاق ڈار کی طلبی کیلئے اخبار میں اشتہار شائع کرنے کا حکم
لاہور( 92 نیوز) اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کیلئے پارک اکھاڑ کر سڑک بنانے پرسپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے لیا ۔عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کس طرح کے افسر ہیں،وزیر کی زبان ہلانے پر غلام بن جاتے ہیں۔
سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ڈی جی ایل ڈی اے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پارک اکھاڑ دیا، اس کی سزا بھگتنی پڑے گی۔
عدالت نے 10 روز میں پارک اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دے دیا جب کہ اسحاق ڈار کی طلبی کیلئے اخبار میں اشتہار شائع کرنے کا بھی حکم دیا گیا ۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا مجھے معاف کردیا جائے ،میرا قصور نہیں ہے ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اب آپ ہڑتال کریں،مقدمہ نیب کو جاتا ہےتوسب ہڑتال کرنا شروع کردیتےہیں ،آپ وزیروں کےغلام بنے ہوئے ہیں۔