Sunday, September 8, 2024

اسحاق ڈار کی داتا گنج بخش کے مزار پر زائرین کو خدمات فراہم کرنے پر مدینہ گروپ آف انڈسٹریز کی تعریف

اسحاق ڈار کی داتا گنج بخش کے مزار پر زائرین کو خدمات فراہم کرنے پر مدینہ گروپ آف انڈسٹریز کی تعریف
July 10, 2016
لاہور(92نیوز)وفاقی وزیر خزانہ  اسحاق ڈار  نے ایوان وزیراعلیٰ میں مزار حضرت داتاگنج بخش کی امور مذہبیہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے دربار حضرت داتا گنج بخش میں زائرین کو خدمات فراہم  کرنے پر مدینہ گروپ آف انڈسٹریز کی تعریف کی۔ تفصیلات کےمطابق  امور مذہبیہ کمیٹی مزار حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کا ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ محکمہ اوقاف، پولیس اور ضلعی حکومت کے اعلیٰ حکام سمیت مدینہ گروپ آف انڈسٹریز کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران زائرین اور معتکفین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جامع مسجد داتا گنج بخش کی توسیع کے لیے سیکرٹری اوقاف کو تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے داتادربار کے زائرین کی خدمات پر مدینہ گروپ آف انڈسٹریز کا شکریہ ادا کیا جبکہ مدینہ گروپ آف انڈسٹری کے نمائندے نے زائرین کی سہولت کے لیے نئے غسل خانے اور بیت الخلاء تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سیاسی مخالفین پر طنز اور تنقید پر خوب نشتر چلائے۔ کہنے لگے نوازشریف نے لندن میں کیمپ آفس بنایا، آپریشن سے پہلے سفارت خانے میں بجٹ کی ویڈیو لنک کے ذریعے منظوری دی انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیکس وصولی کی شرح میں گزشتہ دور کی نسبت ساٹھ فیصد اضافہ ہوا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے چارارکان کی تعیناتی آئینی ذمہ داری ہے جو بروقت پوری کر لی جائے گی انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہ ہوا تو چاروں مجوزہ ٹی او آرز عوام کے سامنے پیش کر دیئے جائیں گے۔