Friday, April 19, 2024

اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
December 11, 2017

اسلا آباد (92 نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
کیس کی سماعت نیب کی جانب سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔
سماعت کے دوران نیب کے پراسیکیوٹر عمران شفیق نے عدالت سے ملزم کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست کی جس کی وکیل صفائی کی جانب سے مخالفت کی گئی اور اسحاق ڈار کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔
عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ وکیل صفائی کو دلائل جاری رکھنے کا حکم دیا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کی ایم آر آئی کا انتظار تھا۔ سینے میں اب بھی تکلیف ہے جب کہ دل کی شریان میں بھی معمولی سا مسئلہ ہے۔
وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار کے مزید ٹیسٹ ہوں گے۔ نیب نے اب تک میڈیکل رپورٹ کی تصدیق نہیں کرائی جب کہ وارنٹ کی تعمیل لاہور کے ایڈریس پر کی گئی وہ تو وہاں رہتے نہیں ہیں۔
اس موقع پر نیب کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کو تمام عدالتی کارروائی کا علم ہے اس لئے وارنٹ لندن بھجوانے کی ضرورت نہیں ہے۔
دوسری طرف سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب قاضی مصباح بھی اسحاق ڈار کی طرف سے عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت سے درخواست کی کہ وہ اسحاق ڈار کی طرف سے دلائل دینا چاہتے ہیں جس پر فاضل جج نے کہا کہ آپ مقدمے میں وکیل نہیں اس لئے دلائل کی اجازت نہیں دے سکتے۔