Friday, April 19, 2024

اسحاق ڈار نےکسانوں کو اپنے بچے بیچنے پر مجبور کر دیا  :راؤاجمل

اسحاق ڈار نےکسانوں کو اپنے بچے بیچنے پر مجبور کر دیا   :راؤاجمل
June 4, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران کسان ارکان پارلیمنٹ کا وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتجاج،رکن اسمبلی راو اجمل کسانوں کے مسائل بیان کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے، کہنے لگے پہلے لوگ کتے کے پلے بیچتے تھے اب کسان اپنے بچے بیچنے پر مجبور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ نے بجٹ 2015- 16 کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، ان کی بریفنگ کے دوران ن لیگی ارکان نے احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کی گندم اور چاول کی فصلیں تباہ ہو گئیں وزیر خزانہ نے ملاقات تو دور کی بات ہمدردی کا ایک بول تک نہیں بولا۔ اجلاس کے دوران رکن اسمبلی راؤ اجمل کسانوں کے مسائل بیان کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے لوگ کتے کے پلے بیچتے تھے اب کسان اپنے بچے بیچنے پر مجبور ہیں۔ راو اجمل کے بیان پر پندرہ سے بیس ارکان کھڑے ہوگئے ارکان نے وزیر اعظم سے اسحاق ڈار کے رویے کی شکایت کی،وزیراعظم نے مسائل کے حل کیلیے کمیٹی بنانے کی تجویز دی لیکن ارکان کا کہنا تھا کہ کمیٹیاں مسئلے سلجھاتی نہیں بلکہ الجھاتی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ انھوں نے کسانوں کے مسائل پر بجٹ اجلاس کے دوران ارکان سے ملاقاتوں کا فیصلہ کیا ہےانھوں نے ارکان کو یقین دہانی کرائی کہ پورا ایک دن کسانوں کے مسائل حل کرنے پر صرف کریں گے۔