Saturday, April 20, 2024

اسحاق ڈار نے وزیراعظم کو چھٹی کی باضابطہ درخواست دے دی

اسحاق ڈار نے وزیراعظم کو چھٹی کی باضابطہ درخواست دے دی
November 22, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ اسحاق ڈار نے وزیراعظم سے  وزارت سے چھٹی کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نےوزیر اعظم سے یہ در خواست بیماری کے باعث کی، انہوں نے وزیر اعظم سے اپنی عدم موجودگی میں خود  وزارت کے معاملات چلانے کی بھی درخواست کی ہے۔   

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں موجود ہیں اور وہاں کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں،سیاسی مخالفین کی جانب سے اسحاق ڈار سے بطور وزیر خزانہ استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاہم انہوں نے مستعفی ہونے سے انکار کیا اور صحت یابی کے بعد پاکستان آنے کا بھی اعلان کیا تاہم اب ان کی جانب سے چھٹی کی در خواست سامنے آئی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی جانب سے مستعفی ہونے کی خبریں بھی سامنے آچکی ہیں تاہم مسلم لیگ ن کی جانب سے ان کے استعفے کی تردید کی گئی تھی ۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس معاملے پر سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو بھی آگاہ کیا۔