Friday, April 19, 2024

اسحاق ڈار نے 2005سے 2017 تک کتنا کمایا ، تفصیلات احتساب عدالت پیش

اسحاق ڈار نے 2005سے 2017 تک کتنا کمایا ، تفصیلات احتساب عدالت پیش
December 14, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسحاق ڈار کے کتنے بینک اکاؤنٹس ہیں اور 2005سے 2017ء تک انہوں نے کتنا کمایا ہے تمام تفصیلات احتساب عدالت میں پیش کر دی گئیں ۔ ہجویری ہولڈنگ کمپنی کے اکاؤنٹ کی تفصیلات کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے ۔استغاثہ کے ایک گواہ کا بیان مکمل ہوگیا جبکہ عدالت نے مزید 5 گواہوں کو 18 دسمبر کو طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کےخلاف اثاثوں سے زائد ریفرنس کی سماعت کی ۔ استغاثہ کے گواہان نجی بینک کے آپریشنز منیجر محمد عظیم ، عبدالرحمن اور مسعود غنی پیش ہوئے جبکہ ایک گواہ فیصل شہزاد ذاتی مصروفیت کے باعث نہ پہنچ سکا۔
گواہ عبدالرحمن نے اسحاق ڈار کی 2005ءسے 2017ءتک آمدن کا ریکارڈعدالت کو فراہم کیا ۔ جس کے بعد انہیں اور مسعود غنی کو جانے کی اجازت دیدی گئی۔
محمد عظیم نے اپنا بیان ریکار ڈ کراتے ہوئے اسحاق ڈار اور ان کے خاندان کے 3 بینک اکاﺅنٹس کی کمپیوٹرائزڈ تفصیل پیش کی جس کے مطابق اسحاق ڈار کا پہلا اکاﺅنٹ اکتوبر 2001ءسے اکتوبر 2012ءکے درمیان ، ۔دوسرا اکاؤنٹ اگست 2012 سے دسمبر 2016 کے درمیان جبکہ تیسرا اکاؤنٹ جنوری 2017 سے اگست 2017 کے درمیان فعال رہا۔
اسحاق ڈار اور انکی اہلیہ کے نام پر لاکر کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا۔ عدالت نے ہجویری ہولڈنگ کمپنی کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی ریکارڈ کا حصہ بنادیں۔
استغاثہ نے عدالت سے استدعا کی کہ آئندہ سماعت پر 9گواہوں کو طلب کیا جائے ۔ عدالت نے 5 گواہوں ڈپٹی سیکرٹری کابینہ ڈویژن واصف حسین ،ڈپٹی ڈائریکٹر کامرس قمر زمان ، ڈائریکٹر نادرا قابوس عزیز ، ڈائریکٹر قومی اسمبلی شیر دل خان اور نجی بینک کے فیصل شہزاد کی طلبی کے سمن جاری کرتے ہوئے سماعت 18دسمبر تک ملتوی کردی ۔