Sunday, September 8, 2024

اسحاق ڈار 15برس بعد منی لانڈرنگ کے الزام سے بری

اسحاق ڈار 15برس بعد منی لانڈرنگ کے الزام سے بری
July 15, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار پندرہ سال بعدمنی لانڈرنگ کے الزام سے بری ہوگئے۔نیب ایگزیکٹو بورڈ نے شواہد نہ ہونے پراسحاق ڈارکےخلاف تحقیقات بند کردیں۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیب نے  فقط ایک شکایت کوسیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا۔ اسحاق ڈار مستقبل میں  تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس ہوا۔ یوں تواجلاس میں کئی اہم فیصلے ہوئے تاہم سب سے اہم نوعیت کا فیصلہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کےخلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات بند کرنے سے متعلق کیا گیا۔ بورڈ نے اتفاق رائے سے اسحاق ڈار کو تمام الزامات سے بری الذمہ قرار دیدیا۔ ترجمان نیب نے بتایا کہ وفاقی وزیر کےخلاف تحقیقات عرصہ دراز سے التواءکا شکار تھیں تاہم ٹھوس شواہد نہیں تھے۔ ذرائع کے مطابق کئی ماہ قبل ہی اسحاق ڈار کو منی لانڈرنگ کے الزامات سے کلیئر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا تاہم رد عمل کے خدشے کے پیش نظرفیصلے پر عملدرآمد میں تاخیرہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وزراءاور ارکان کے خلاف کرپشن کے مقدمات سے متعلق بھی نیب پر بہت دباﺅ ہے اور متعدد انکوائریاں اثرورسوخ کے پیش نظر التوا ءمیں پڑی ہیں ۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں بلوچستان کے سابق وزیر اسفند یارکاکڑ ۔ ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ سیکرٹریٹ مسرت عباس سمیت مختلف شخصیات کے خلاف کرپشن کے 5ریفرنسز کی بھی منظوری دی گئی۔