Saturday, May 11, 2024

استور برفباری کے بعد نظام زندگی بری طرح متاثر، شہری گھروں میں محصور

استور برفباری کے بعد نظام زندگی بری طرح متاثر، شہری گھروں میں محصور
January 7, 2021

استور (92 نیوز) حالیہ برف باری کے بعد سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے آبائی علاقے استور میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگئی۔ شہری گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔ بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں، ایک ماہ سے بدستور بند ہیں۔

جنت نظیر وادی استور میں ٹھنڈ کا راج ہے، سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ حالیہ برف باری کے بعد شہری گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔ کاروباری سرگرمیاں معطل، واٹر سپلائی، ندی نالے اور دریائے استور تک جم گئے ہیں۔

شاہرات میں برف کی بھاری تہہ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے، لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ روڈ بندش کی وجہ سے بالای علاقوں میں اشیاء خورونوش کی قلت کا سامنا ہے۔

شدید برف باری سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے آبائی سرحدی علاقوں کا زمینی رابطہ ایک ماہ سے منقطع ہے۔ لوگ نمونیا نزلہ زکام اور کھانسی کی بیماریاں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلی کے واضع احکامات کے باوجود بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بحال نہیں ہوسکیں۔

شہریوں نے وزیر اعلی گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے آبائی سرحدی علاقے میں متاثرین برفباری کو فوری ریلیف پہنچائیں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے اقدامات اُٹھائیں۔