Thursday, May 2, 2024

استعفے فقط دکھاوا، سنجیدہ ہیں تو اسپیکر کو دیں ، شاہ محمود قریشی

استعفے فقط دکھاوا، سنجیدہ ہیں تو اسپیکر کو دیں ، شاہ محمود قریشی
December 15, 2020

اسلام آباد (92 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لاہور سیاست کا مرکز ہے،عوام کی لاتعلقی سب سے دیکھ لی،اپوزیشن کی استعفے کی دھمکی فقط دکھاوا ہے ، سنجیدہ ہیں تو اسپیکر کو دیں ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے رکاوٹ نہیں ڈالی کہ اپنا جلسہ کرلیں،یہ بے معنی سی سرگرمی تھی،جلسے میں کوئی نئی بات اور اعلان نہ تھا،یہ باتیں گوجرانوالہ میں بھی ہوچکی ہیں،کراچی میں بھی دہرائی گئیں،ملتان میں بھی یہی اظہار ہوا تھا جو انہوں نے لاہور میں کیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکمت عملی بھی واضح نہیں ہے،پیپلزپارٹی میں فیصلہ کن قوت نہ جلسوں میں تھی اور نہ پی ڈی ایم جلاسوں میں ،پیپلزپارٹی کے فیصلے بلاول نہیں آج بھی آصف زرداری کرتے ہیں ۔ استعفے کے معاملے پر ن لیگ میں دو دھڑے دکھائی دے رہے ہیں،ایک دھڑا شہباز شریف اور دوسرا مریم نواز کا ہے۔

شاہ محمود قریشی نےکہا کہ لانگ مارچ پر بھی ابھی تک پی ڈی ایم میں اتفاق نہیں ہے، اس سے واضح ہوگیا کہ نہ استعفوں پر اتفاق ہے اور نہ لانگ مارچ پر یکسوئی۔ اگر میڈیا تبصرہ کرے جو آپ کے من کو بھاتا ہو تو پھر میڈیا آزاد ہے، آپ کے حق میں بات کر رہا ہوتا ہے آپ کو بہت پسند آتا ہے،جب میڈیا آئینہ دکھاتا ہے تو آپ غم وغصہ میڈیا اور مختلف چینل پر منتقل کردیتے ہیں۔