Sunday, September 8, 2024

استصواب رائے کے بغیر مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا : وزیراعظم نوازشریف

 استصواب رائے کے بغیر مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا : وزیراعظم نوازشریف
July 13, 2016
لاہور (92نیوز) وزیراعظم میاں نواز شریف نے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدداور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر کے مظلوم لوگوں کی آواز نہیں دبائی جا سکتی۔ استصواب رائے کے بغیر مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا۔ تفصیلات کے مطابق رائیونڈ جاتی امرا میں جے یوآئی کے سربراہ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کشمیری بھائیوں کے جذبات کا احترام کرتی ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ استصواب رائے کے بغیر مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے زیرانتظام شفاف‘ غیرجانبدار استصواب رائے کرایا جائے۔ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم نوازشریف کے کشمیر پر موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قیادت مشکل گھڑی میں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ سربراہ جے یو آئی نے وزیراعظم کو کشمیری قیادت سے ہونیوالی ملاقات پر بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ چودھری نثار اور وفاقی وزیر اکرم درانی بھی موجود تھے۔