Friday, April 19, 2024

اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے باوجود القاعدہ اب بھی خطرہ ہے : سی آئی اے

اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے باوجود القاعدہ اب بھی خطرہ ہے : سی آئی اے
May 2, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان برینن نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کو پانچ سال ہونے کے باوجود القاعدہ اب بھی خطرہ ہے۔ داعش محض ایک تنظیم نہیں ایک رجحان اور سوچ کا نام ہے۔ تفصیلات کے مطابق این بی سی کے میٹ دی پریس ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے جان برینن نے کہا امریکا نے القاعدہ کا بڑا حصہ تباہ کر دیا مگر پوری تنظیم ختم کرنے میں ناکام رہا اور امریکا کو اس کے منصوبوں پر نظر رکھنا ہو گی۔ اب داعش کی صورت میں ایک نیا چیلنج درپیش ہے۔ اسامہ کی طرح ابوبکر بغدادی کی ہلاکت کے سوال پر برینن کا کہنا تھا کہ وہ بہت اہم ہے اور انہیں اس بات میں ذرہ برابر شک نہیں کہ داعش کے خاتمے کیلئے تنظیم کی قیادت کو ختم کرنا ہو گا اور اگر بغدادی مارا جائے تو اس کا داعش پر کافی اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا شامی حکومت کے اپنے ہی عوام کیخلاف چڑھ دوڑنے سے داعش نے شام اور عراق میں جڑ پکڑی اور اب لیبیا، نائیجیریا اور دیگر ممالک میں بھی پھیل چکی ہے اور بہت سے گمراہ افراد اس کے اسلامی خلافت کے نعرے سے متاثر ہو کر داعش میں شامل ہو گئے۔ برینن نے کہا مشرق وسطیٰ تاریخ کے پیچیدہ اور مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا داعش کی قیادت یورپ اوردنیا کے دوسرے مقامات پر حملے کر رہی ہے۔