Friday, April 26, 2024

اسامہ بن لادن کی سوتیلی ماں اور بہن سمیت 4افراد جہاز گرنے سے ہلاک ہو گئے

اسامہ بن لادن کی سوتیلی ماں اور بہن سمیت 4افراد جہاز گرنے سے ہلاک ہو گئے
August 1, 2015
لندن (ویب ڈیسک) برطانوی اخبار دی گارڈین نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کی سوتیلی ماں اور بہن طیارہ گرنے سے جاں بحق ہو گئی ہیں۔ یہ طیارہ برطانوی کاﺅنٹی ہمپشائر میں گرا۔ رپورٹ کے مطابق سعودی سفارتخانے نے اپنے آفیشل سوشل اکاﺅنٹ پر ناگہانی اموات پر بن لادن خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بن لادن خاندان کی ملکیت فرم کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔ سعودی سول ایوی ایشن کے مطابق جہاز میں پائلٹ اور 3مسافر سوار تھے جو تمام حادثے کا شکار ہو گئے۔ طیارے نے بلیک بش ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی جس کے کچھ دیر بعد ہی وہ گاڑیوں کے ایک نیلام گھر پر آ گرا۔ دوسری جانب برطانوی پولیس نے حادثے میں اسامہ بن لادن کے رشتہ داروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اسامہ بن لادن کا خاندان سعودی عرب میں ایک ممتاز اور بااثر قبیلے سے تعلق رکھتا ہے جبکہ تجارتی سطح پر اس خاندان کو اہمیت دی جاتی ہے۔