Sunday, September 8, 2024

اس وقت کوئی سول فوجی اختلاف نہیں ہے: چودھری نثار

اس وقت کوئی سول فوجی اختلاف نہیں ہے: چودھری نثار
August 20, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے اپنی سوا چار سال کی کارکردگی میڈیا کے سامنے پیش کر دی۔ کہتے ہیں ہزاروں جعلی شناختی کارڈ بلاک کئے، 32 ہزار پاسپورٹس منسوخ  ہوئے، 10 ہزار سے زائد نام ای سی ایل سے نکالے گئے، 2 لاکھ سے زائد اسلحہ لائسنس منسوخ کئے گئے، جعلی سموں کو بلاک کیا گیا۔

اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار آئے اور دبنگ انداز سے اپنی سوا چار سال کی کار کردگی میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر پر باڑ کا کام کیا جو آخری مراحل میں داخل ہو چکا۔ اس کام پر اربوں روپے لگائے جا رہے ہیں۔

سوا چار سال کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے بتایا کہ کتنے جعلی شناختی کارڈ منسوخ ہوئے، کتنے لائسنس اور کتنے پاسپورٹ منسوخ ہوئے اور دس ہزار سے زائد نام ای سی ایل سے بھی نکالے اور تو اور دو لاکھ سے زائد ممنوعہ بور کے لائسنس منسوخ کئے۔

چودھری نثار علی خان نے واضح کہا کہ پہلی مرتبہ ستر سے زائد این جی اوز کو قانون کے دائرے میں کام کرنے کی اجازت دی۔ اب غیر ملکیوں کا ریکارڈ موجود ہے ۔کوئی ایئرپورٹ پر ویزہ نہیں لے سکتا۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے اور ہمیں ثابت قدمی کے ساتھ ان کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اس کامیاب آپریشن کی بدولت دہشتگردی میں کمی آئی ہے اور دہشتگردوں کا کوئی نیٹ ورک اس وقت ملک میں موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردوں کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے کیلئے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی سول فوجی اختلاف نہیں ہے اور فوج وزارت داخلہ سے تعاون کررہی ہے۔